لاہور (اے بی این نیوز) محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے 13 ہسپتالوں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا، ہسپتال 6 سے 8 فروری تک ہائی الرٹ رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بسنت میلے کی تیاریوں کے پیش نظر محکمہ صحت پنجاب نے شہر کے 13 سرکاری ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ یہ ہسپتال 6 سے 8 فروری تک ہائی الرٹ رہیں گے۔
محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ تمام ہسپتالوں میں میڈیکل، نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف کی مکمل موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔
اس کے علاوہ ادویات، ڈرپس، ویکسین اور ضروری سرجیکل آلات کی مکمل دستیابی کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بسنت کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں بستر مختص کیے جائیں جب کہ خون کے تھیلے اور خون عطیہ کرنے والوں کی فہرستیں بھی تیار کی جائیں۔
محکمہ صحت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ایکسرے، الٹراساؤنڈ، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینوں کو ہر وقت فعال رکھا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ تمام ہسپتالوں میں فنکشنل موبائل اور ٹیلی فون کنکشن کی دستیابی کو یقینی بنانے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے اور اسے فوری طور پر محکمہ صحت پنجاب کو پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پنجاب میں نئے آئی جی کی تقرری متوقع، جانیںاہم تفصیلات















