اہم خبریں

کراچی سمیت سندھ کے شہروں میں شوگر کی ڈبل سنچری

کراچی (اے بی این نیوز) کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں شوگر نے ڈبل سنچری مکمل کر لی۔

وفاقی ادارے شمعارت نے چینی کی قیمتوں کے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جس میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ کے بڑے شہروں میں چینی کی قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ایک ہفتے کے دوران سکھر میں چینی کی فی کلو قیمت میں 24 روپے جبکہ حیدرآباد اور لاڑکانہ میں چینی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، پشاور میں چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں فی کلو چینی کی سب سے زیادہ قیمت کوئٹہ میں 214 روپے تک ہے جب کہ دارالحکومت اسلام آباد میں قیمت 195 روپے اور پنجاب بھر میں 190 روپے فی کلو گرام تک ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 210 روپے تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے چینی کی فی کلو قیمت میں اوسطاً 4.14 روپے کا اضافہ ہوا، قیمت بڑھ کر 189.61 روپے ہوگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے تک ملک میں چینی کی فی کلوگرام اوسط قیمت 185.47 روپے تھی جب کہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی فی کلوگرام اوسط قیمت 131.88 روپے تھی۔
مزید پڑھیں‌:سہیل آفریدی کا مریم نواز کو خط،جا نئے کیا مطالبہ کیا

متعلقہ خبریں