اہم خبریں

ایک مذہبی جماعت خفیہ ایجنڈے پر ملک میں انتشار پیدا کر رہی ہے، ڈی آئی جی آپریشنز

لاہور(اے بی این نیوز)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ گزشتہ چند روز سے ایک مذہبی اور سیاسی جماعت پرتشدد احتجاج اور غیر ضروری انتشار پھیلا رہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے کہا کہ وطن عزیز جب بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو کوئی نہ کوئی گروہ خفیہ ایجنڈے کے تحت انتشار پھیلانے کی کوششیں شروع کر دیتا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے احتجاج ملتوی کرانے کے لیے مذہبی و سیاسی جماعت سے بار بار بات کی، معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی تاہم یہ لوگ اپنے پرتشدد رویے سے باز نہیں آئے اور پرتشدد احتجاج شروع کر دیا۔

محمد فیصل کامران نے احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے 112 اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا جب کہ بیشتر اہلکار اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے کچھ پولیس اہلکار بھی لاپتہ ہوئے ہیں، خدشہ ہے کہ وہ مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کی تحویل میں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرتشدد گروہوں نے سرکاری املاک کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، شہریوں کی گاڑیاں چھین لی گئی ہیں اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا ہے۔ شہریوں کو پریشان کرنے کے ساتھ ساتھ مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے تھانوں پر حملے اور اورنج لائن پر توڑ پھوڑ بھی کی ہے۔

محمد فیصل کامران نے کہا کہ فساد پھیلانے والے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان لوگوں کے احتجاج کی وجہ یہ ہے کہ وہ خود خوش ہیں کہ معاہدہ ہو گیا، یہ جماعت بلا وجہ انتشار پھیلا رہی ہے۔

اگر یہ لوگ عام آدمی کو تنگ کرتے ہیں تو ریاست ان سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شہریوں کی املاک کو کم سے کم نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ہم سیف سٹی سے فوٹیج نکال رہے ہیں، پرتشدد رویہ اختیار کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ریاست کسی قسم کی پرتشدد کارروائی برداشت نہیں کرے گی۔
مزید پڑھیں‌:ہنڈائی پاکستان نے ایلانٹرا 2.0 لمیٹڈ ایڈیشن متعارف کرا دیا

متعلقہ خبریں