اسلام آباد(اے بی این نیوز)مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے باعث دوسرے روز بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔
راستوں کی بندش کے باعث جڑواں شہروں میں تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہیں جبکہ ایکسپریس وے، فیض آباد اور آئی جی پی روڈ بھی مکمل طور پر بند ہے۔راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والا فیض آباد انٹرچینج بھی سیل ہے۔
کھنہ پل، کری روڈ اور ڈھوک کالا خان کے راستے بھی تاحال سیل ہیں۔وارث خان، کمیٹی چوک، سکستھ روڈ، شمس آباد، ایران روڈ، راول روڈ، شاہین چوک، صدر اور پرانے ایئرپورٹ سے آنے والے راستے بھی مکمل طور پر بند ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی انتظامیہ نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ایئرپورٹ جانے والے راستوں کو بھی کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔
جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس دوسرے روز بھی معطل ہے۔ راستوں کی بندش کے باعث تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی معطل ہے۔ فیض آباد کے مقام پر پولیس فورس تعینات ہے اور فیض آباد میں تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کو سیل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: دیوالی کے موقع پرسندھ حکومت کا ہندوملازمین کو پیشگی تنخوا وپنشن دینے کا فیصلہ