اہم خبریں

’’ابھرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کا کردار بطور عالمی رہنما‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں “ابھرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کا کردار بطور عالمی رہنما” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی ابتدا پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی پروقار تقریب سے کی گئی۔

یہ تقریب انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اور وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کتب نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا مقصد علم و دانش کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب میں وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے بطور گیسٹ آف آنر اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ “معرکۂ حق کے بعد اب ہمیں ترقی کا معرکہ سر کرنا ہے۔” انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور اگلے بائیس برس انتہائی اہم ہیں، جن میں محنت اور یکجہتی کے ساتھ ہمیں ملک کو ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کے طور پر دنیا کے سامنے لانا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پائیدار ترقی اور خوشحالی امن کے بغیر ممکن نہیں جبکہ قومی یکجہتی، فرقہ واریت و پولرائزیشن کے خاتمے اور نوجوانوں کی شہری ذمہ داریوں کی ادائیگی ہی پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے۔

وزیرِ مملکت وجیہہ قمر اور دیگر مقررین نے کہا کہ تعلیم قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل نے “معرکۂ حق” میں نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر افواجِ پاکستان کی بھرپور حوصلہ افزائی کر کے قومی اتحاد کی مثال قائم کی۔

مقررین نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کے سب سے بڑے اثاثے ہیں، جن کے کردار اور ذمہ داریوں سے نہ صرف پولرائزیشن کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ ایک پرامن، یکجا اور عالمی سطح پر ابھرتا ہوا پاکستان تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ اس تقریب میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ قومی کتاب نمائش کا افتتاح بھی وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کیا۔
مزید پڑھیں: سینیٹ کمیٹی ، جاز کا صارفین سے 6.58 ارب روپے سے زائد اضافی چارج، پی ٹی اے پیچھے ہٹ گیا

متعلقہ خبریں