اہم خبریں

دفاعی بجٹ میں اضافہ ہوگا، عوام کو بھی ریلیف ملے گا،وفاقی وزیر احسن اقبال نے بجٹ سے متعلق اہم انکشاف کر دیا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا، تاہم عوام کو بھی بجٹ میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے انجنیئرز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت سیکریٹری جنرل آئی ای پی، امیر ضمیر کر رہے تھے۔ ملاقات میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت 10 جون کو بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) حکومت کے اقتصادی اقدامات سے مطمئن ہے اور اس بار بجٹ کے معاملات پر کسی دباؤ کا سامنا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تاخیر وزیر اعظم کے بیرون ملک دورے اور عید الفطر کے باعث ہوئی۔

اپنی گفتگو میں احسن اقبال نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی ناقص پالیسیوں نے ملک کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ موجودہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی شاندار کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، مگر پی ٹی آئی کے بانی کا ردعمل اس پر منفی ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کسی ایسے اقدام سے گریز کرے گی جو قومی ہم آہنگی کو متاثر کرے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم سمیت دیگر اہم آبی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ بھارت کو کسی قسم کا فائدہ نہ پہنچے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی آبی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ان منصوبوں کو بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ینگ انجنیئرز کے لیے تنخواہ دار انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔

مزید برآں، انہوں نے انجنیئرنگ کے شعبے سے متعلقہ مطالبات کو بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ خبریں