کشمیر اپنی خوبصورتی کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور اس کے بلندوبالا پہاڑ اور برفیلی چوٹیاں پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ جس طرح کشمیر کی خوبصورتی پوری دنیا میں مشہور ہے اسی طرح کشمیر کے کھانے بھی بہت مشہور ہیں جیسا کہ روغن جوش، ماڈیور پلائو، گوتابا بھی اپنی غذایت اور ذائقے کی وجہ سے بے حد مشہور ہیں۔ جہاں کھانوں کی بات ہوتی ہے وہاں چائے کا تذکرہ نہ ہو ایسا ممکن نہیںہے۔ گلابی رنگ اور مزےدار ذائقے کی حامل کشمیری چائے کو کونون چائے بھی کہا جاتا ہے۔
چونکہ کشمیر میں سردی کا موسم طویل ہوتا ہے اس لیے کشمیر کے لوگ اس چائے کو بہت زیادہ پیتے ہیں۔ پاکستان بھر میں کشمیری چائے بہت مشہور ہے۔ اسے نمایاں مقبولیت حاصل ہے۔ پاکستان میں موسم سرما کے آغاز سے ہی کشمیری چائے کے ٹھیلے سج جاتے ہیں۔ کشمیری چائے شادی بیاہ کے موقع پر کشمیری چائے کھانے کے بعد پیش کی جاتی ہے۔
کشمیری چائے بنانے کی آسان اور مختصر ترکیب
مکمل اجزاء:
سبز چائے کی پتیاں 1 کھانے کا چمچ
لونگ 4 عدد
دار چینی 1 بڑا ٹکڑا
چھوٹی الائچی- چار یا پانچ عدد
کھانے کا سوڈ 1 چٹکی
نمک 1 چٹکی
شکر حسب ذائقہ
دودھ ایک کلو
پانی چار پیالی
بادام اور پستہ حسب ذائقہ
بنانے کی ترکیب
ایک بڑے سوس پین میں ضرورت کے مطابق پانی ڈالیں۔اس کے بعد اس میں سبز چائے (گرین ٹی) کی پتیاں، دار چینی، الائچی لونگ، اور نمک ڈال کر ابال لیں۔جب پانی ابلنے لگے، تو اس میں سوڈا ڈال کراس اچھی طرح سے پھینٹ لیں، یہاں تک کہ پانی کا رنگ سرخ ہو جائے۔پھر اس کو اتنا پکائیں کہ پانی خشک ہو کر بس ایک پیالی رہ جائے۔اس کے بعد اس میں دودھ اور چینی شامل کر کے اچھی طرح سے پکائیں اور بادام اور پستے پیس کر اس میں شامل کردیں۔گرما گرم مزے دار کشمیری چائے کا لطف اٹھائیں۔
