لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان فاطمہ ثناء کی قیادت میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لاہور ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوگئی۔
ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم دو وارم اپ میچ کھیلے گی۔ پہلا وارم اپ میچ 28 ستمبر کو سکاٹ لینڈ کے خلاف اور دوسرا میچ 30 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا جائے گا۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کا اپنا افتتاحی میچ جمعرات 3 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جب کہ اتوار 6 اکتوبر کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی۔
قومی ٹیم تیسرا میچ 11 اکتوبر بروز جمعہ آسٹریلیا کے خلاف اور چوتھا میچ 14 اکتوبر بروز پیر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم قابل اور باصلاحیت ہے، امید ہے کہ آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔
روانگی سے قبل قومی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گی۔ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھرپور صلاحیتیں دکھائیں گے۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج