اہم خبریں

میڈیکل انٹری ٹیسٹ،اتوار کو انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)میڈیکل انٹری ٹیسٹ ، وزارت داخلہ اور متعلقہ صوبائی حکام کی ہدایات کے بعد پنجاب اور پشاور میں امتحانی مراکز کے ارد گرد موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔

پنجاب حکومت نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو 26 امتحانی مراکز کے 500 میٹر کے دائرے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب میں ان مراکز کے لوکیشن کوآرڈینیٹس پی ٹی اے کو موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔

یہ مراکز لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات، اور رحیم یار خان سمیت 12 اضلاع میں قائم ہیں۔ پنجاب کے میڈیکل کالجز میں داخلہ ٹیسٹ 22 ستمبر بروز اتوار کو ہونا ہے۔

پشاور میں بھی میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے لیے ایسے ہی انتظامات کیے گئے ہیں، جو اتوار کو بھی مقرر ہے۔خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ امتحان کے لیے پشاور میں چھ امتحانی مراکز مختص کیے گئے ہیں جہاں پر سخت سیکیورٹی پروٹوکول نافذ کیا جائے گا۔

امتحان کی سالمیت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے امتحانی مراکز میں موبائل فون، گھڑیاں، کیلکولیٹر، قلم، پنسل، زیورات اور اے ٹی ایم کارڈز سمیت متعدد اشیاء پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ مراکز کے ارد گرد موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

مزید برآں، ہر امتحانی مرکز کی نگرانی ایس پی رینک کے ایک سینئر پولیس افسر اور ایک اسسٹنٹ کمشنر کریں گے۔ طالب علموں کو تین مراحل میں امتحانی سینٹر میں‌بیٹھایا جائےگا، جبکہ حفاظتی اقدامات میں میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے باڈی سرچ کرنا اور نادرا کے سسٹم کے ذریعے امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق شامل ہے۔

طلبہ کو صرف اپنی رول نمبر سلپس اور شناختی کارڈ امتحانی ہالوں میں لے جانے کی اجازت ہوگی۔ بنیادی ضروریات جیسے منرل واٹر، جوس، بسکٹ، بال پوائنٹ پین، اور امتحانی کارڈ امیدواروں کو مراکز پر فراہم کیے جائیں گے، ان اشیاء کو سپیشل برانچ کی ٹیم پہلے سے صاف کر رہی ہے۔

کے ایم یو کے وائس چانسلر دیگر عہدیداروں کے ساتھ امتحان کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی کے اندر قائم کنٹرول روم سے امتحانی مراکز کی نگرانی کریں گے۔
عالمی بحرانوں کا حل تلاش کیلئے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا 79واں اجلاس شروع

متعلقہ خبریں