اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اتوار کو ہونے والے جلسے کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد کے متعدد نجی اسکول پیر کو بند رہے جب کہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے تحت چلنے والے اسکول کھلے رہے۔
بند سڑکوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور جڑواں شہروں کے درمیان میٹرو سروس بھی مکمل طور پر چل رہی ہے۔یہ بندش بڑے سیاسی اجتماع کے بعد ایک احتیاطی اقدام کے طور پر کی گئی ہے، جس کی وجہ سے اسلام آباد کے اہم علاقوں میں سڑکوں پر رکاوٹیں اور ٹریفک جام ہوگیا۔
سنگ جانی میں نکالی گئی ریلی نے شہر کے معمولات کو درہم برہم کر دیا کیونکہ جلسہ گاہ کی طرف جانے والی اہم سڑکوں بشمول فیض آباد، مری روڈ، چونگی نمبر 26 اور مارگلہ روڈ کے ایک حصے کو کنٹینرز کے ذریعے عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد میں متعدد نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے والدین کو نوٹس بھیجے، ممکنہ حفاظتی خدشات اور ٹریفک میں خلل پڑنے کی وجہ سے پیر کو بند کرنے کا اعلان کیا۔اسلام آباد کے جن نجی اسکولوں کو پیر کو بند کیا گیا ان میں ہیڈ اسٹارٹ، ویسٹ منسٹر، سپر نووا، لاہور گرامر اسکول، سٹی اسکول اور بیکن ہاؤس شامل ہیں۔
تاہم، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تحت اسکول پیر کو کھولے گئے اور معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔تاہم، حکام نے تصدیق کی کہ اتوار کی رات دیر گئے تمام اہم سڑکوں کو دوبارہ کھول دیا گیا، جس سے ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہو گئی۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز















