لاہور (نیوزڈیسک)لاہور ہائی کورٹ میں شہری اشباء کامران نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بطورچیئرمین نادرا تقرری چیلنج کررکھی تھی جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو چیئرمین نادرا کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی تعیناتی کالعدم قرار دے دی،لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا کی تقرری کیخلاف شہری کی درخواست منظور کرلی، جسٹس عاصم حفیظ نے چیئرمین نادرا کی تقرری کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنایا۔
یاد رہے کہ نگران وفاقی حکومت نے اکتوبر 2023 میں اس وقت جنرل ہیڈکوارٹز (جی ایچ کیو) میں تعینات آئی جی کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت نگران کابینہ کے اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین نادرا کے لیے وزارت داخلہ کی سمری پر تین مجوزہ ناموں میں سے لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی تقرری کی منظوری دے دی۔















