اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ فیصلہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔نوٹفکیشن میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس آج چیف کمشنر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری کیے گئے این او سی کا جائزہ لیا گیا، آئی جی اسلام آباد نے مختلف ایونٹس ہونے کی وجہ سے سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا۔نوٹفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کا سابقہ ریکارڈ دیکھتے ہوئے جلسے کی اجازت منسوخ کر نے کا فیصلہ کیا گیا۔
امکان تھا کہ امن و امان کی سنگین صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، اس صورتحال میں کسی پارٹی کو بھی جلسے کی اجازت نہیں۔اعلامیے کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے بھی جلسے کو سکیورٹی دینے سے معذرت کی، بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بھی اسلام آباد میں ہے۔
آئی جی نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا دھرنے کا ارادہ ہے، پی ٹی آئی کے کارکن اپنے ساتھ بستر بھی لارہے ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ توقع ہے پی ٹی ایم اور سنی تحریک بھی ان کا ساتھ دے گی۔انہوں نے اجلاس میں مزید کہا کہ ریڈ زون میں 46 سفارخانے ہیں، اس صورتحال میں پی ٹی آئی کو جلسہ کی اجازت نہ دیں، پنجاب کو ہدایت کریں کہ کارکنوں کو اسلام آباد آنے سے روکیں۔
مزید پڑھیں :انٹرنیٹ کی بندش،عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کا جواب مسترد کردیا