اہم خبریں

فائر وال، انٹرنیٹ بندش کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے اپیل کی سماعت کل کے لیے مقرر کردی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے درخواست پر اعتراض کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض کیا ہے۔ چیف جسٹس فاروق نے ریمارکس دیئے کہ تین اعتراضات کو عدالتی جانب سے دیکھا جائے گا، چوتھا اعتراض درخواست میں نامناسب زبان کا استعمال ہے۔

اس پر وکیل نے کہا کہ ہم نے صرف ٹویٹ منسلک کیا ہے، اس میں کوئی نامناسب زبان نہیں ہے۔ ہم عدالت سے درخواست کرتے ہیں کہ سماعت کل مقرر کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیئے۔

خیال رہے کہ 16 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں فائر وال لگانے اور انٹرنیٹ بند کرنے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔سینئر صحافی حامد میر نے وکیل ایمان مزاری کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، سیکرٹری داخلہ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزارت انسانی حقوق کو فریق بنایا گیا ہے۔

انہوں نے درخواست میں استدعا کی کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کو متاثر کرنے والی فائر والز کی تنصیب بند کی جائے۔ فائر والز کی تنصیب کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور بنیادی حقوق کے تحفظ اور روزی روٹی کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی سے مشروط کیا جانا چاہیے۔ اسے آئین کے تحت بنیادی انسانی حق قرار دیا جائے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں47 سالہ شخص کو منکی پاکس کی تصدیق

متعلقہ خبریں