اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر پاکستان بھر میں سکولز کالجز اور یونیورسٹیز میں کرکٹ کو فروغ دینے اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پورے ملک کے سکولز۔ کالجز اور یونیورسٹیز(بوائز و گرلز) کی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹس اور لیگز کرائی جائیں گی۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن ۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سی ڈی اے کے مابین معاہدے کئے گئے ۔ اس تقریب کے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی مہمان خصوصی تھے۔ سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ جبکہ
ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی عبداللہ خرم نیازی ۔ انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد عثمان خان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر سپورٹس جاوید علی میمن نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کے نچلی سطح پر فروغ کے لئے تاریخ میں پہلی بار سنجیدہ کاوش کی گئی ہے۔ انٹر سکولز ۔ انٹر کالجیٹ۔ انٹر یونیورسٹیز ٹورنامنٹس کے انعقاد سے نچلی سطح سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ تمام ادارے ایک ساتھ ملکر ٹورنامنٹ کرائیں گے تو بہترین نتائج حاصل ہوں گے۔
امید ہے کہ ان معاہدوں پر عمل درآمد سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ مضبوط ہو گی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سکولز ہر ٹیلنٹ کی نرسریاں ہیں۔ اچھے کھلاڑی سکولز سے ہی اوپر آتے ہیں۔
معاہدوں کے تحت آئی بی سی سی تمام تعلیمی بورڈز کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹس کے انتظامات کی نگرانی کرے گا۔
جبکہ ہائر ایجوکیشن اداروں میں میں کرکٹ کے فروغ کے لیےفریم ورک مرتب کرکے عمل درآمد کیا جائے گا ۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خواتین کرکٹ کے فروغ پر فوکس کیا جائے گا
اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کھلاڑیوں کا ڈیٹا پی سی بی ڈیٹا بیس کو فراہم کیا جائے گا۔ ایچ ای سی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بہترین کھلاڑیوں کو سپورٹس سکالرشپ دینے کی حوصلہ افزائی کرے گا ۔ پی سی بی کرکٹ سکالرشپ کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا جنہیں کھیلوں کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ دیا جائے گا۔
آئی بی سی سی تمام تعلیمی بورڈز کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے سکولوں اور کالجوں کے ساتھ رابطہ کرے گا۔ آئی بی سی سی اور تعلیمی بورڈز صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ مل کر سکولوں اور کالجوں میں کرکٹ گراؤنڈز تیار کریں گے۔
ٹورنامنٹس کا آغاز ضلع کی سطح سے شروع ہو گا۔ڈویژن ۔صوبائی، اور آخر میں قومی سطح پر ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ پی سی بی ٹورنامنٹس کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے آفیشل ایمپائرز، سکوررز اور دیگر ضروری سٹاف فراہم کرے گا۔
پی سی بی ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کرنے اور تمام شریک اداروں تک ان معلومات کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہوگا۔ پی سی بی ہر ضلع سے جیتنے والی ٹیموں کے بہترین کھلاڑیوں کی تربیت کو ہائی پرفارمنس سنٹرز میں یقینی بنائے گا۔
پی سی بی سکولز۔ کالجز کے ٹاپ پرفارمرز کو پی سی بی انڈر 17 اور انڈر 19 ٹیموں میں شرکت کا موقع دے گا۔ پی سی بی فزیکل ٹریننگ ایجوکیشن (PTE) اساتذہ کے لیے خصوصی کوچنگ کورسز کا اہتمام کرے گا۔
پی سی بی کے کوچز سکولوں کا دورہ کریں گے اور سکول کیمپوں کے دوران لڑکوں اور لڑکیوں کو تربیت فراہم کریں گے۔ ایچ ای سی ، پی سی بی کی مشاورت سے کرکٹ کے فروغ کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کا روڈ میپ تیار کرے گا۔
پی سی بی مرد اور خواتین کے انٹر یونیورسٹیز چیمپیئن شپ سے ٹاپ کھلاڑیوں کو منتخب کرے گا اور یہ کھلاڑی پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں سالانہ تربیتی کورسز میں شرکت کریں گے۔
پی سی بی اعلی تعلیمی اداروں کے گراؤنڈ مین اور کیوریٹرز کو مفت تربیت دے گا۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی۔ چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن۔ انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن ۔ سی ڈی اے کے اعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں :5اگست کو ہمارے لیڈر کو غیر قانونی حراست میں لیا گیا تھا، اسد قیصر