اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے جمعرات کو چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ججز کمیٹی میں درخواست دائر کردی۔
سابق وزیراعظم نے درخواست میں استدعا کی کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے خاندان اور پی ٹی آئی سے متعلق کسی کیس کی سماعت نہ کریں۔ تین رکنی ججز کمیٹی کو پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کیسز کے بنچوں میں چیف جسٹس کو شامل نہیں کرنا چاہیے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 2019 میں قانونی ماہرین کے مشورے کے بعد قاضی فائز کے خلاف صدارتی ریفرنس بھیجنے کی سفارش کی گئی۔ ’’میری آئینی ذمہ داری کو عزت مآب چیف جسٹس کی اہلیہ نے ذاتی حملہ سمجھا۔ غلط تاثر کی بنیاد پر سرینا عیسیٰ نے عوام میں میرے خلاف زہر پھیلایا۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ قاضی فائز عیسیٰ اپنی اہلیہ کی حرکتوں سے متفق ہیں۔ درخواست گزار کا خیال تھا کہ چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قاضی فائز ماضی کو بھول جائیں گے تاہم ان کے طرز عمل سے واضح ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔درخواست میں مزید موقف اپنایا گیا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بنچ میں موجودگی سے آئین اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کی توقع نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: حرمت پرچم مہم ،وفاقی وزراء کی قومی پرچم کیساتھ تصاویر