لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں شرکت کے لیے جمعہ کو ڈیلاس پہنچ گئی۔پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلاس میں میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گی۔
مزید پڑھیں: ضلع پشین کے علاقے سرخاب میں دو اشتہاری مجرم مارے گئے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے میں پاکستان کے میچز بھارت، امریکا، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف شیڈول ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کے بعد لندن سے ڈیلاس پہنچ گئی۔میگا ایونٹ میں پاکستان کا بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں شیڈول ہے۔
پاکستانی ٹیم کا تیسرا میچ 11 جون کو نیویارک میں کینیڈا کے خلاف ہے، پھر 16 جون کو لاڈر ہل میں اس کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہوگا۔گرین شرٹس نے T20 ورلڈ کپ 2024 کی تیاری کے لیے تین دو طرفہ T20I سیریز کھیلی لیکن مطلوبہ نتائج نہیں دے سکے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، سعید ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، عثمان خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، عباس آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔