جنیوا(نیوز ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رفح میں کسی بھی اسرائیلی فوجی کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے تباہ کن انسانی اثرات مرتب ہوں گے۔
مزید پڑھیں: گوجرانوالہ ،رہنما کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کارکنوں کا پولیس پر حملہ
انتونیو گوتریس نے قطری نشریاتی ادارے سے نشر کیے گئے انٹرویو کے دوران امریکا سے اسرائیل کو رفح پر حملے سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا دو ٹوک موقف اختیار کرے اور اسرائیل کو رفح پر حملے سے روکے۔
انہوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کو بھی غزہ میں امداد کا سنگ بنیاد سمجھا اور UNRWA کے غیر جانبداری کے اصولوں کے لیے اقوام متحدہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تمام عطیہ دہندگان سے اپیل کی کہ وہ UNRWA کے لیے امداد دوبارہ شروع کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 77 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ شہداء کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں اب بھی کئی لاشیں دبی ہو سکتی ہیں۔