لاہور (نیوزڈیسک)لیسکو کمپنی کی انسداد بجلی چوری مہم کے دوران بجلی چوروں کے گرد گھیرا تنگ، 208 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 402ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے208کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔
پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،4زرعی،2انڈسٹریل اور385ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو4لاکھ17 ہزار574 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت97لاکھ91 ہزار249 روپے ہے۔بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔شفیق آباد کے علاقے میں کنکشن کو1لاکھ50ہزار روپے،شاہدرہ کے علاقے میں کنکشن کو88ہزار روپے،ٹبی سٹی کے ہی علاقے میں ایک ملزم کو85ہزار اور فیکٹری ایریا کے علاقے میں ایک ملزم کو75ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مافیاز قوم کے اربوں کھربوں روپےہڑپ کر گئے،قرض سے جان چھڑانا ہوگی، شہبازشریف
انسداد بجلی چوری مہم کو 188 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل65 ہزار556 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،63ہزار906 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر20ہزار58 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ31 لاکھ5 ہزار428یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب15 کروڑ30 لاکھ23 ہزار816 روپے ہے۔
ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔
لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔