اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے مسلم لیگ (ن) کے منشور کو نقالی کا شاہکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نے تمہیں نوازا تم ملک کو کیا نوازو گے؟ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ہی تکبر اور غرور میں ڈوبا ہوا ہے۔ہفتہ کو ایک بیان میں ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے ماضی کی طرح آج بھی دھڑلے سے غلط بیانی کی ہے، مسلم لیگ (ن) جھوٹ بولتی رہی کہ نواز شریف نے جنرل پرویز مشرف سے کوئی ڈیل نہیں کی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن 2007 کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنا چاہتی تھی، 2008 کے انتخابات کے بائیکاٹ کا مطلب آمر جنرل پرویز مشرف کو مضبوط کرنا تھا، ایسا لگتا ہے جیسے نواز شریف صاحب نے ابھی تک میثاق جمہوریت کو سمجھا ہی نہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کے سچے لیڈر مشکل حالات میں ڈیل کرکے ملک چھوڑ کر نہیں بھاگتے ہیں، کاش نواز شریف صاحب 16 ماہ کی حکومت کے دوران اپنے بھائی سے سچائی کرتے۔ان کا کہناتھا کہ نواز شریف کو اقتدار میں لایا گیا تو اسحٰق ڈار پھر عوام کا خون نچوڑیں گے۔
