اسلام آباد(نیوزڈیسک) نگراں وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر کیخلاف درخواست دائر ۔ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کراچی کے رہائشی عمر خالد نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ شمشاد اختر وفاقی وزیر کے علاوہ دیگر اداروں کے بورڈز کی رکن بھی ہیں ، مختلف اداروں سے مراعات بھی لے رہی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل عاصم اقبال ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیرخزانہ شمشاد اختر کس قانون کے مطابق اتنے اداروں کی ذمہ داریاں نبھارہی ہیں اور مراعات لے رہی ہیں، چیف جسٹس وضاحت طلب کی جائے۔جس پر جسٹس جنید غفار نے کہا کہ وفاقی وزیر کی تقرری اگست میں ہوئی، آپ تاخیر سے عدالت میں آئے ، ہم نوٹس کریں گے جب تک جواب آئے گا یہ کابینہ ختم ہوچکی ہوگی۔وکیل نے کہا کہ کابینہ ختم ہوگی لیکن قانون شکنی تو اپنی جگہ موجود رہے گی۔عدالت نے درخواست کی سماعت 13فروری کیلئے ملتوی کردی۔درخواست میں صدر مملکت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، کابینہ ڈویژن، اسٹاک ایکسچینج، سوئی سدرن گیس کمپنی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
