اسلام آباد(اوصاف نیوز) یہ ڈش بنانے میں بے حد آسان اور کھانے میں بےانتہا مزیدار ہے،سرما میں اکثریت کو بھوک زیادہ محسوس ہوتی ہے اس لیے شام کی چائے کے ساتھ اسنیکس پر بھی زور ہوتا ہے۔ اس کے لیے بیکری آئٹمز کی جگہ گھر پر ہی بنائے گئے کھانوں کو ترجیح دینی چاہیئے جو بجٹ میں ہلکے لیکن غذائیت میں بھاری ہوتے ہیں۔بات کی جائے اسنیکنگ کی تو اکثریت کو میٹھے یعنی کیک بسکٹس کے علاوہ نمکین اشیاء پسند آتی ہیں جو ان کی چائے کا لطف بھی دوبالا کردیتی ہیں۔شام کی چائے یا بے وقت کی بھوک کے لیے چکن پیٹیز یا چکن پفس ایک ایسی ڈش ہے جو سبھی خواتین کو گھروں میں تیار رکھنی چاہئیے کیونکہ یہ بچوں کے علاوہ بڑوں کی بھوک کا بھی فوری اور لذیذ حل ہے۔
تندوری چکن پفس کی ترکیب
اجزا:300 گرام بون لیس چکن، 2 چمچ دہی، 1 چمچ ادرک لہسن پیسٹ، 1 چمچ تندوری مصالحہ، 1 چمچ لیموں کا رس، 1/2 چائے کا چمچہ ہلدی، 1/2 چائے کا چمچہ لال مرچ پاؤڈر، 1 چمچ تیل، 1 انڈہ، 1سے 2 پف پیسٹری شیٹس اور نمک حسبِ ذائقہ
ترکیب:سب سے پہلے تندوری چکن فلنگ تیار کرنے کیلئے ایک پیالے میں دہی، تندوری مصالحہ، ادرک لہسن کا پیسٹ، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر اور لیموں کا رس شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔اب اس میں بون لیس چکن ڈال کر کم از کم آدھے گھنٹے کے لئے میرینیٹ کرلیں۔اب ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں میرینیٹ کی ہوئی چکن ڈال کر اسے اچھی طرح سے پکائیں۔اب پف پیسٹری کی شیٹس لیں اور انہیں چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں، تیار کردہ تندوری چکن فیلنگ کو ہر شیٹ پر رکھ کر تمام کناروں کو اچھی طرح سے بند کردیں۔اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسے ہر طرف سے مناسب طریقے سے بند کیا گیا ہو۔ اب ان پفس کے اوپر ایک پِھینٹا ہوا انڈہ برش کی مدد سے لگائیں۔پہلے سے گرم اوون میں تقریباً 20 منٹ کیلئے اسے 180 ڈگری پر اوون میں بیک کرلیں۔ اپنی پسندیدہ چٹنی یا کیچپ کے ساتھ گرم گرم پفس کے مزے اٹھائیں۔