راولپنڈی (اے بی این نیوز) عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ میرے بچے پاکستان آکر احتجاج کریں، علیمہ خان کو سیاست کی بات نہیں کرنی چاہیے، علی امین گنڈا پور صوبے میں امن قائم نہیں کرسکتے تو مستعفی ہوجائیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے بانی کی جیل کی سہولیات بحال کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ روز عمران خان کو اپنے بچوں سے 1 گھنٹہ فون پر بات کرنے کی بھی اجازت دی گئی، پی ٹی آئی کے بانی کی کتابیں اور اخبارات بھی بحال کر دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بانی نے کہا کہ اگر ان کے بچے ملاقات کے لیے آنا چاہتے ہیں تو ضرور آئیں، پی ٹی آئی بانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز فون پر بات ہوئی تو معلوم ہوا کہ بچوں کا نیکوپا ختم ہوچکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علیمہ خان کو سیاست پر بات نہیں کرنی چاہیے، انہوں نے مشال یوسفزئی کے سینیٹر بننے سے متعلق علیمہ خان کے بیان کو غیر ضروری قرار دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ اگر علی امین گنڈا پور صوبے میں امن و امان قائم نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دے دیں، علی امین گنڈا پور گورننس کے مسائل حل نہیں کرسکتے تو کسی اور کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ ان کے بیٹے احتجاجی تحریک کے لیے پاکستان آئیں گے۔
مزید پڑھیں:بھارتی ٹیم کو بڑا جھٹکا، اہم کھلاڑی ایشیا کپ سے باہر ہونے کا امکان