خضدار ( اے بی این نیوز)بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے دو تلوار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا شکیل احمد درانی اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر آغا شازیب درانی کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 گارڈز زخمی ہوگئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) خضدار شہزادہ عمر عباس بابر نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے نتیجے میں گھر پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں میں سے 7 گارڈز معمولی زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے خضدار کے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد حملہ آوروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار میں پیپلز پارٹی کے رہنما آغا شکیل درانی کی رہائش گاہ پر دستی بم حملے کو افسوسناک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ واقعات عوام اور قیادت کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
خضدار میں پیپلز پارٹی کے رہنما آغا شکیل درانی کی رہائشگاہ پر دستی بم حملہ افسوسناک اور انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ ایسے بزدلانہ واقعات عوام اور قیادت کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ حکومت نے واقعے کی فوری تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کو قانون کے…
— Sarfraz Bugti (@PakSarfrazbugti) September 19, 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں،
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ واقعے کی فوری تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:مون سون روانہ، موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان،جا نئے تفصیلی رپورٹ