اہم خبریں

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ضمنی الیکشن ایک ساتھ لڑنے پر متفق

راولپنڈی( اے بی این نیوز ) مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ضمنی الیکشن ایک ساتھ لڑنے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کے لیے مسلم لیگ ن کا وفد راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد میں وفاقی وزیر حنیف عباسی اور طارق فضل چوہدری شامل تھے جب کہ مذاکرات میں پیپلز پارٹی کے نمائندوں راجہ پرویز اشرف اور نیئر بخاری شامل تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں فارمولہ طے کیا گیا ہے۔

پرویز اشرف نے کہا کہ عام انتخابات میں جس حلقے میں پیپلز پارٹی کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیا تھا وہاں (ن) لیگ ہماری حمایت کرے گی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اس فارمولے پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت ضمنی الیکشن پہلے بھی لڑے گئے اور اب بھی لڑیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں پنجاب میں اقتدار کی تقسیم کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور ملکی صورتحال کے پیش نظر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.5ریکارڈ

متعلقہ خبریں