اہم خبریں

پھگواڑی کے بزرگ محمد ریاض کو قتل کر دیا گیا، لاش کھوکھر مال کے عقب سے برآمد ، مقدمہ درج

پھگواڑی (  نامہ نگار     )پھگواڑی سے تعلق رکھنے والے بزرگ محمد ریاض کی لاش تھانہ ہمک کی حدود میں قتل کر دیا گیا۔ نعش کھوکھر مال کے عقب واقع ایک بلڈوز شدہ پلاٹ سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم افراد نے قتل کیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق، تھانہ ہمک میں درج ایف آئی آر کے مطابق مدعی زاہد عبدالحکیم، سیکیورٹی سپروائزر ساکن گلگت، نے بیان دیا کہ 22 جنوری بدھ کی شام تقریباً پونے چھ بجے وہ کھوکھر مال کے پیچھے اپنی زمین سے گزر رہا تھا کہ کچھ فاصلے پر ایک شخص اوندھا پڑا ہوا نظر آیا۔قریب جا کر معلوم ہوا کہ بزرگ شخص منہ کے بل زمین پر مردہ حالت میں پڑا تھا، جس کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ مقتول کے ہاتھوں پر سفید چادر لپٹی ہوئی تھی، جبکہ ٹانگیں پاؤں سے اوپر سبز رنگ کے کپڑے سے بندھی ہوئی تھیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد سے شبہ ہے کہ مقتول کو کسی نامعلوم شخص نے قتل کیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ ایس آئی محمد عظمت نے مدعی کا بیان تحریر میں لیا، جو پڑھ کر سنایا گیا اور درست قرار دینے کے بعد مدعی نے دستخط اور انگوٹھے کا نشان ثبت کیا۔لاش کے قریب ایک بیگ بھی ملا، جس میں مختلف کاغذات موجود تھے۔ مزید تلاشی کے دوران مقتول کی جیکٹ کی جیب سے شناختی کارڈ برآمد ہوا، جس پر نام محمد ریاض ولد فقیر محمد، ساکن دھلہ ڈاکانہ، بھگواڑی، تحصیل مری، ضلع راولپنڈی درج تھا۔ بیگ، کاغذات اور شناختی کارڈ کو پولیس نے ضابطے کے مطابق قبضے میں لے لیا۔پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کی درخواست اور دیگر ضروری فارم تیار کیے۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعہ کو قتل قرار دیتے ہوئے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔لاش کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کے لیے پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ تحقیقات متعلقہ انویسٹی گیشن یونٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔عوام علاقہ پھگواڑی نے محمد ریاض کے بیہمانہ قتل پر گہرا افسوس ظاہر کیا اور وزیر داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جلد تحقیقات کرنے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں :لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، 38 افراد جان سے گئے،درجنوں تاحال لاپتہ

متعلقہ خبریں