مظفر آباد ( اے بی این نیوز ) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے۔ اجلاس میں جاری منصوبوں کی پیش رفت، فنڈز کے استعمال اور آئندہ اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ 10 دسمبر تک ترقیاتی فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کم وقت میں زیادہ کام کرنا وقت کی ضرورت ہے، اس لیے تمام منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر منتقل کیا جائے۔ فیصل ممتاز راٹھور نے واضح کیا کہ ان کی حکومت میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی تیاری بروقت مکمل کر کے انہیں متعلقہ فورمز پر ارسال کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکرٹریز 15 دسمبر سے پہلے بلاک ایلوکیشن کے خلاف اپنی سکیمز جمع کروائیں، جبکہ ارکان اسمبلی سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنی لوکل گورنمنٹ سکیمیں 30 دسمبر تک بھیج دیں، کیونکہ سکیموں میں تاخیر مسائل پیدا کرتی ہے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر کا کل ترقیاتی بجٹ 49 ارب روپے ہے، جن میں سے 32 ارب روپے پی ایس ڈی پی بلاک ایلوکیشن کے تحت جبکہ 17 ارب روپے حکومت آزاد کشمیر کے اپنے وسائل سے مختص کیے گئے ہیں۔ دو سہ ماہیوں کے دوران 9.6 ارب روپے فنڈز جاری کیے جاچکے ہیں، جن میں سے 7.3 ارب روپے خرچ بھی ہو چکے ہیں۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں آزاد کشمیر نے ترقیاتی فنڈز کا 100 فیصد استعمال یقینی بنایا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔
مزید پڑھیں :وزیر مملکت، وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون کی لبنان کے سفیر سے ملاقات















