اہم خبریں

بارشیں دوبارہ شروع! کب تک رہیں گی؟ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں اگلے ایک سے 3 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کردیا۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، ٹیکسلا، مری اور گلیات میں تیز بارش کا امکان ہے اس کے علاوہ پشاورمیں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور سوات میں بھی بارش کا امکان ہے ۔

کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اس کے علاوہ کرم، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے مکانات اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

کہاں کہاں بادل برسے؟
خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں موسلادھار بارش اور مختلف مقامات پر ژالہ باری ہوئی جس سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا اس کے علاوہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا۔

لوئردیر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ ملاکنڈ کی تحصیل درگئی اور دیگر مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری سے کئی مقامات پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

پشاور شہر میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہلکی بارش جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا۔

مزید پڑھیں۔ریاست خیرپور کے آخری حکمران علی مراد خان تالپور انتقال کر گئے

متعلقہ خبریں