کراچی (اے بی این نیوز)کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، شہر میں آج گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس ، شاہ فیصل کالونی ، ملیر فالٹ رفاہ عام ، گارڈن ، جناح اسپتال ، اور نواح جھمپیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کاسلسلہ جاری ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق شمالی بحیرۂ عرب کے اوپر 2 مختلف مون سون کے سسٹم ہیں، ایک جنوب مشرق کیٹی بندر کے قریب اور دوسرا کچ ریجن کے اوپر ہے، ایک نمایاں کم دباؤ وسطی بھارت کے اوپر موجود ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہے کہ اس سسٹم کے زیر اثر آج بھی جنوب مشرقی اور زیریں سندھ میں مسلسل گرج چمک کے بادل بنتے رہیں گے، سازگار موسمی حالات کے باعث کراچی میں آج مزید گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی ، یہ اسپیل کراچی میں مزید 2 سے 3 دن سرگرم رہے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) انجم نذیر ضیغم کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ شام 7 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔انجم نذیرضیغم کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کے شمال مشرق میں گرج چمک کے بادل موجود ہیں، سندھ میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، کلاؤڈ برسٹ پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے۔