اہم خبریں

13 تا 17 جولائی کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری

اسلام آباد(اے بی این نیوز)این ڈی ایم اے کا 13 تا 17 جولائی کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری۔بارشوں کے بعد دریاؤں اور ڈیموں کی صورتحال پررپورٹ جاری ۔

دریائے کابل، سندھ، چناب اور دریائے جہلم میں منگلا کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع،تربیلا، تونسہ، گڈو بیراج میں ہلکے درجے جبکہ کالا باغ و چشمہ میں درمیانے درجے کا سیلاب جاری۔

شدید بارشوں کے پیش نظر تونسہ بیراج میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال متوقع۔دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر ہلکے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے،دریائے سوات و پنجکوڑہ اور ان کے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا امکان۔

تربیلا ڈیم 74 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 44 فیصد گنجائش تک بھر چکے ہیں۔ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں شدید اضافہ متوقع۔شمال مشرقی بلوچستان کے علاقوں جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل کے نالوں بہاؤ میں شدید اضافہ متوقع۔

جنوب مغربی بلوچستان کے علاقوں بشمول خضدار، آواران، لسبیلہ اور قلات میں مقامی فلیش فلڈ کا امکان۔دریا ؤں اور ندی نالوں کے قریبی رہائشی شدید بارشوں اور رات کے اوقات میں محتاط رہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے شہری علاقوں میں جمع ہونے والے برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لیئے ضروری مشینری اور آلات تیار رکھیں ۔تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں۔ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں۔

حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں ۔سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری وارننگز سے آگاہ رہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی

متعلقہ خبریں