پشاور(اے بی این نیوز) اسلام آباد راولپنڈی میں گزشتہ رات مون سون بارش کھل کر برسی، خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں اور دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی جاری کی ہےجس کے باعث دریاؤں میں طغیانی، ندی نالوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
چترال، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام اور شانگلہ کے علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے، اسی طرح کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم اور مہمند میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے۔
اُدھر پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، خیبر اورکزئی، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع بھی بارشوں کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، ان علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سوات، پنجکوڑہ اور کابل کے دریاؤں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث طغیانی آ سکتی ہے جب کہ صوابی، مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، شانگلہ اور وزیرستان کے مقامی ندی نالوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
سکردو سےگلگت آنیوالی سیاحوں کی گاڑی لاپتہ، پولیس بھی تلاش نہ کرسکی