اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان کے مختلف علاقوں میںسردی کی شدت میں اضافہ ،آزاد کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں سفید موتیوں کی برسات، روئی کے گالے آسمان سے زمین پر اترنے لگے، ہر طرف حسین مناظرنے ماحول کو دوبالاکردیا جبکہ محکمہ موسمیات کی چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی۔ تفصیلات کے مطابق سکردو میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے چلا گیا، برفباری کے باعث استور کے علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگی
ا، وادی نیلم میں برفباری کے بعد سیاحوں کی آمد شروع،آزاد کشمیر کے علاقے وادی لیپا میں خون جما دینے والی سردی سے نظام زندگی متاثر ہوگیا، بلوچستان کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہے، لہہ میں درجہ حرارت منفی 13 کو چھو گیا، گوپس منفی 10، سکردو میں پارا منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔گلگت منفی 7، استور اور ہنزہ میں پارا منفی 6 تک گر گیا، کالام اور قلات میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب، خیبر پختو نخوا کے زیادہ تر میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں درمیانی اور شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ رات کے وقت پشین، زیات سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے،رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور چند مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان
جبکہ صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجوداڑو اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
سابق جنوبی کورین صدر یون سوک یول کے وارنٹ گرفتاری جاری