اسلام آباد( نیوز ڈیسک )پاکستان میں سردی کی لہر بدستور جاری ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید سردی پڑنے سے اسکردو میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ کوئٹہ اور قلات میں پارہ 5 اور مالم جبہ اور دیر میں 3 ڈگری رہا۔بعض مقامات پر بارش کا بھی امکان ۔
لاہور میں سرد موسم کے باوجود فضائی آلودگی میں کمی نہیں آئی اور باغات کا شہر بھی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔کم سے کم درجہ حرارت 5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور آلودگی کے لحاظ سے پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے کیونکہ شہر میں اسموگ کی اوسط شرح 273 ریکارڈ کی گئی ہے۔دوسری جانب شہر قائد میں موسم سرد اور خشک ہے اور شہر میں موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں موسم مزید سرد رہنے کا امکان ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 11 ویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں یہ چھٹے نمبر پر ہے اور ہوا میں ذرات کی مقدار ریکارڈ 166 میٹر تک پہنچ گئی ہے۔
مزید پڑھیں: علامہ طاہر اشرفی کے چھوٹے بھائی انتقال کرگئے