اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) محکمہ موسمیات نے آج سے اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں ہلکی بارش سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور شیرانی میں بارش کا امکان ہے جب کہ موسیٰ خیل، بارکھان، زیارت، لورالائی اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔گوادر، کیچ، پنجگور، آواران، قلات، خضدار اور لسبیلہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے کیونکہ جنوبی علاقوں میں موسم کی تبدیلی ہے۔آج شام سے 2 دسمبر تک شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، کرم، مہمند اور خیبر کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کوہستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت غذر، گلگت، ہنزہ، سکردو اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔مری، گلیات، اسلام آباد، میانوالی، بھکر اور لیہ سمیت خطہ پوٹھوہار میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے، جس سے خشک موسم سے نجات مل گئی۔
محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں کو برف باری اور سفر میں ممکنہ رکاوٹوں کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں سموگ اور دھند کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ میں بھی دھند کے ساتھ موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے مختلف شہروں میں آج بروزجمعتہ المبارک ، 29نومبر 2024 سونے کی قیمت