لاہور(نیوز ڈیسک ) پنجاب میں شدید دھند اور سموگ کا راج برقرار ہے جس کے باعث حد نگاہ کم ہونے کے باعث متعدد مقامات سے موٹر ویز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔شدید دھند اور سموگ کے باعث شیخوپورہ سے کوٹ مومن تک M2 موٹروے، M3 لاہور سے درخانہ اور M5 موٹروے شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی ہے۔
شدید دھند اور سموگ کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔رات کے وقت بھی لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا جب کہ بھارتی شہر دہلی دوسرے اور کولکتہ تیسرے نمبر پر رہا۔فضائی آلودگی کے انٹرنیشنل ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں، لاہور میں 581 پارٹیکیولیٹ میٹر، دہلی میں 549 اور کولکتہ میں 194 پارٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان میں ملتان 563 پارٹیکیولیٹ میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔کچھ عرصہ قبل لاہور کے گلبرگ میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 742 ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ ٹاؤن شپ میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 694 تھی۔لاہور اب بھی آلودہ ہوا والے شہروں میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ تعلیمی اداروں کی بندش بھی لاہور کو سموگ کے جال سے نہیں نکال سکی۔
تاہم محکمہ موسمیات نے پنجاب میں سموگ سے پریشان شہریوں کو خوشخبری سنا دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 سے 16 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے جس سے سموگ کی شدت میں کمی آئے گی۔محکمہ موسمیات نے اٹک، چکوال، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے جب کہ 15 نومبر کو بھکر، لیہ اور ڈی جی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ بھر کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کاعمل جاری