اسلام آباد(نیوزڈیسک)اگلے ماہ شہریوں کو مزید شدید گرمی کی لہر کا سامنا کرنا پڑےگا۔تقریباً 26 اضلاع میں درجہ حرارت بڑھنے کے بعد، وزارت موسمیاتی تبدیلی نے انکشاف کیا کہ جاری ہیٹ ویو 30 مئی تک برقرار رہے گی۔
مزید برآں، جون میں دو مزید ہیٹ ویوز کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وزارت نے موسم کے ان شدید واقعات کے لیے غیر پائیدار ماحولیاتی طریقوں اور جنگلات کی کٹائی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ایک پریس کانفرنس کے دوران، موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے وفاقی اور صوبائی حکومتی اداروں پر زور دیا کہ وہ شہریوں بالخصوص بچوں اور بوڑھوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں۔
اہلکار کے مطابق پاکستان کے محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، مختلف علاقوں میں اس وقت درجہ حرارت معمول کی سطح سے 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے 26 اضلاع شدید ہیٹ ویو کے حالات سے دوچار ہیں
توقع ہے کہ گرمیوں میں تین لہریں برقرار رہیں گی۔موجودہ لہر، جو 22 مئی سے 30 مئی تک جاری رہے گی، اس کے بعد جون میں مزید دو لہریں آئیں گی۔ رومینہ عالم کے مطابق دوسری ہیٹ ویو 7 جون سے 8 جون تک متوقع ہے، تیسری لہر جون کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔