ایران (اوصاف نیوز) ایرانی دارالحکومت تہران کی فضا میں لڑاکا طیاروں کی پروازیں دیکھی گئی ہیں، جس کے بعد شہر میں کم از کم 3 زوردار دھماکے سنے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق، تہران اور دیگر علاقوں میں جاری کشیدگی کے دوران ایران کے صوبے لورستان میں خرم آباد ایئر پورٹ کو امریکی اور اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ تاہم، حملے میں ہونے والے ممکنہ ہلاکتوں یا زخمیوں کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب، ایران کے مختلف علاقوں میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں کم از کم 15 افراد شہید ہو گئے۔
مہر نیوز ایجنسی کے مطابق، تہران کے مشرقی شہر پردیس میں عمارتوں کے ملبے سے 6 لاشیں نکالی گئی ہیں، جبکہ مقامی حکام نے بتایا کہ تہران کے مغربی علاقے شہریار میں ایک رہائشی علاقے پر اسرائیلی فضائی حملے میں مزید 9 افراد جان سے گئے۔
یہ حملے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ میں ممکنہ عسکری تصادم کی نشاندہی کرتے ہیں، جس کے باعث خطے میں سلامتی اور شہریوں کی حفاظت کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:حکومت نے پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا













