اسلام آباد (اے بی این نیوز )چاند نظر نہ آنے کے بعد جہاں ایک طرف عیدالفطر کی تاریخ 21 مارچ مقرر ہو گئی ہے، وہیں دوسری جانب خواتین میں خوشی کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ تیاریوں کیلئے ایک اضافی دن مل گیا ہے۔بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں رش میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جیولری شاپس اور چوڑیوں کے اسٹالز پر خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے جہاں کپڑوں کے ساتھ میچنگ چوڑیاں اور زیورات خریدے جا رہے ہیں۔ مہندی لگانے والوں کے پاس بھی غیر معمولی رش ہے اور نت نئے ڈیزائنز کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔
خواتین کا کہنا ہے کہ چاند نظر نہ آنے سے انہیں اپنی تیاری مکمل کرنے کا بہترین موقع مل گیا ہے، خاص طور پر وہ خواتین جو مصروفیات کی وجہ سے پہلے خریداری نہیں کر سکیں، اب سکون سے شاپنگ کر رہی ہیں۔ کئی خواتین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ بہتر انداز میں عید کی تیاری کر سکیں گی۔
دوسری جانب بیوٹی پارلرز، مہندی آرٹسٹس اور کپڑوں کی دکانوں پر بھی کام تیز ہو گیا ہے اور رات گئے تک گہما گہمی جاری رہنے کا امکان ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی مہندی ڈیزائنز، عید ڈریسز اور جیولری ٹرینڈز تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔یوں چاند نظر نہ آنے کی خبر نے جہاں عید ایک دن آگے کر دی، وہیں تیاریوں کا جوش بھی مزید بڑھا دیا ہے اور بازاروں میں عید کا رنگ مزید نمایاں ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں :چاند نظر نہیں آیا،عید ہفتہ کو ہو گی















