اہم خبریں

بجلی صارفین کیلئے بری خبر، فکسڈ چارجز عائد،جا نئے تفصیلات

اسلام آباد ( اے بی این نیوز     ) بجلی کے بلوں میں نئے فکسڈ چارجز شامل کیے جانے کے بعد عوامی ردعمل تیزی سے سامنے آ رہا ہے۔ فروری کے بلوں کی وصولی شروع ہوتے ہی صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر بھی شدید بحث جاری ہے۔

حکومتی فیصلے کے مطابق یہ فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے صارفین پر لاگو کیے گئے ہیں، جس کے باعث کم بجلی استعمال کرنے والے افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے جبکہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بھی نئے چارجز نافذ کر دیے گئے ہیں۔ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں سے 275 روپے ماہانہ وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ 200 یونٹ تک کے صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز شامل کیے گئے ہیں۔ مزید برآں 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے 350 روپے اور 400 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلئے یہ فکسڈ چارجز بڑھا کر 400 روپے کر دیے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر مالی دباؤ مزید بڑھے گا، خاص طور پر ایسے حالات میں جب مہنگائی پہلے ہی عوام کی قوت خرید کو متاثر کر رہی ہے۔ صارفین کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کم یونٹس استعمال کرنے کے باوجود فکسڈ چارجز کیوں عائد کیے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین اس اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت اس فیصلے پر نظرثانی کرے۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ بجلی کے بل پہلے ہی زیادہ ہیں اور اس طرح کے اضافی چارجز عوام کیلئے مزید مشکلات پیدا کریں گے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں توانائی بحران اور مہنگائی دونوں بڑے چیلنجز کے طور پر موجود ہیں، جس کے باعث یہ معاملہ عوامی بحث کا اہم موضوع بن چکا ہے۔

مزید پڑھیں :ایران کا امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے پر حملہ،جا نئے تفصیل

متعلقہ خبریں