اہم خبریں

عمران خان فیصلوں سے مائنس،پی ٹی آئی نے بڑا اقدام اٹھا لیا،جا نئے تفصیلات

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )پاکستان تحریک انصاف کے اندر اہم سیاسی مشاورت کے بعد ایک بڑی تجویز سامنے آئی ہے ۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا سلسلہ مزید طویل عرصے تک ممکن نہ ہو سکا تو پارٹی کو اپنے اہم سیاسی اور پارلیمانی فیصلے خود کرنے ہوں گے تاکہ سیاسی سرگرمیاں اور پارلیمانی عمل متاثر نہ ہو۔

اجلاس میں بعض اراکین نے رائے دی کہ اگر آئندہ ایک ماہ تک بھی بانی سے ملاقات نہ ہو سکی تو پارٹی کو اپنے فیصلوں کے لیے ایک واضح طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے پارٹی کی سیاسی کمیٹی سے مشاورت کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تاکہ اہم معاملات پر اجتماعی فیصلہ کیا جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر بھی گفتگو ہوئی کہ پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں میں شرکت کے حوالے سے پارٹی کو دوبارہ غور کرنا چاہیے۔ بعض اراکین کا کہنا تھا کہ پارٹی کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا قائمہ کمیٹیوں میں واپس جانا ہے یا پھر پہلے سے کیے گئے استعفوں کے فیصلے کو برقرار رکھنا ہے۔ اس حوالے سے سیاسی کمیٹی کی رائے لینے کی تجویز دی گئی تاکہ پارٹی کے اندر اتفاق رائے پیدا ہو سکے۔

پارٹی کے بعض اراکین نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی نے بعض سیاسی شخصیات کو سیاسی فیصلوں کا اختیار دیا ہے تو اسی طرح انتظامی اور پارلیمانی فیصلوں کے لیے بھی واضح اختیارات دیے جانے چاہئیں تاکہ پارٹی کی سرگرمیاں منظم انداز میں جاری رہ سکیں۔ پارٹی کے کئی اراکین اس بات کے حامی ہیں کہ پارلیمانی نمائندگی برقرار رکھنے کے لیے قائمہ کمیٹیوں میں واپسی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات اور وقت کی ضرورت ہے کہ پارٹی پارلیمانی فورمز میں اپنی موجودگی برقرار رکھے تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اٹھایا جا سکے۔

اجلاس میں یہ نکتہ بھی زیر بحث آیا کہ بعض حلقوں کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر اعتراضات تھے جس کی وجہ سے تمام قائمہ کمیٹیوں سے اجتماعی استعفے دیے گئے۔ کچھ اراکین نے تجویز دی کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حوالے سے حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی پر چھوڑ دیا جائے جبکہ دیگر کمیٹیوں میں پارٹی کو واپس جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں :جمعہ کو اوسط نرخوں کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہوگا: وزیر پیٹرولیم

متعلقہ خبریں