لاہور ( اے بی این نیوز )سابق وزیر اعظم اور صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی قوم سے تعزیت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سانحہ نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت ایک تاریخی لمحہ ہے جو ایران کی سیاسی اور قومی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی ہمدردیاں ایران کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے اس افسوسناک خبر کا بھی حوالہ دیا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ بھی اس سانحے میں شہید ہو گئی ہیں، جس سے یہ صدمہ مزید گہرا ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کے نقصانات کے نہ صرف جذباتی بلکہ سیاسی اور قومی سطح پر بھی دور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سوگ کی اس کیفیت میں ایرانی قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔ انہوں نے اس موقع پر خطے میں استحکام، امن اور باہمی احترام کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور زور دیا کہ کشیدگی کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کو فروغ دیا جائے۔
مزید پڑھیں :اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر پر حملے کے بعد نیتن یا ہو کی حالت غیر















