اہم خبریں

ایران کا صبح سویرے اسرائیل پر 100 میزائلوں سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ، 3 اسرائیلی ہلاک

ایران(نیوز ڈیسک)اسرائیل کی جانب سے دن بھر تہران پر حملوں کے بعد ایران نے پورے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کر دی جب کہ صبح صادق کے وقت ایران کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا گیا جس کے بعد تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور حیفہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایرانی میزائل حملے کے بعد حیفہ پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی، ایرانی حملوں میں کم ازکم 3 اسرائیلی ہلاک اور 67 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر پھر میزائلوں کی برسات کردی، ایران نے اسرائیل میں تقریبا 100 میزائل داغے، حیفہ، تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی میزائل حملے سے اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، صہیونی فوج نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی جب کہ حیفہ میں پاور پلانٹ کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔

اسرائیلی میڈیا نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دے دیا جب کہ اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ایک بار پھر ناکام رہا، حیفہ اور تل ابیب میں نئے میزائل حملوں سے بھی جانی نقصان ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی میڈیاکا کہنا ہے کہ تازہ ترین حملوں کے نتیجے میں جنوبی اسرائیل میں کم از کم 3 اسرائیلی ہلاک اور 67 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ حیفہ میں آگ لگی ہوئی ہے، وہاں بھی کچھ شہری زخمی ہوئے ہیں جب کہ شمالی اسرائیل میں بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق تازہ ہلاکتوں میں کے بعد 2 روز کے دوران ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد17 تک جاپہنچی ہے جبکہ ایران پر اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں کی تعداد 224 تک جاپہنچی ہے جبکہ 1277 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد وسطی اسرائیل کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا جب کہ تل ابیب میں ایرانی میزائلوں نے متعدد اہداف کو براہ راست نشانہ بنایا۔

دوسری جانب، اسرائیل کی جانب سے بھی ایران پر میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے، صہیونی ریاست نے تہران، مشہد، اصفہان سمیت مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے جب کہ اسرائیل نے ایران کی فورڈو جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مختلف شہروں پر اسرائیل کے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں میں 90 فیصد شہری شامل ہیں جب کہ تہران میں اسرائیلی حملوں میں معصوم اور نومولود بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ایران نے بتایا کہ اسرائیل نے ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر جان بوجھ کر حملہ کیا جس میں کئی شہری زخمی ہوئے۔

متعلقہ خبریں