اہم خبریں

سائنس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے فروغ سے ہی مضبوط تعلیمی نظام کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے،جہانگیر ترین

لودھراں (اے بی این نیوز) ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام لودھراں پبلک سکول میں 8 ویں سائنس میلہ کا انعقاد کیا گیا۔ 70 سرکاری سکولوں کے 350 طلباء وطالبات نے اپنے اپنے سکولوں کی جانب سے علحیدہ علحیدہ سٹال لگائے اور سائنسی پراجیکٹس نمائش کے لئے پیش کیے۔ مہمان خصوصی ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی جہانگیر خان ترین نے ڈپٹی کمشنر لودھراں سید وسیم حسن شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسد بدھ ، سی ای او ایجوکیشن لودھراں میڈم مہہ جبیں،لودھراں پبلک سکول کے پرنسپل راؤ راشد انور ، خانیوال پبلک سکول کے پرنسپل راشد جمیل و دیگر کے ہمراہ سائنسی پراجیکٹس کا معائنہ کیا اور طلباء وطالبات کو شاباش دی۔ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اکبر خان نے جہانگیر ترین اور دیگر مہمانوں کو سائنسی میلہ میں نمائش کے لئے پیش کیے گئے سانئسی پراجیکٹس بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ سائنس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے فروغ سے ہی مضبوط تعلیمی نظام کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔لودھراں کے سکولوں کو لاہور اسلام آباد کے سکولوں جیسا بنانا میرا مشن ہے جہاں بچوں کو سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ
لودھراں میرا گھر ہے اور لودھراں کے بچے میرے بچے ہیں۔ میں نے سیاست چھوڑ دی ہے مگر لودھراں کے لوگوں کا ہاتھ نہیں چھوڑا نہ چھوڑوں گا۔ میرے بیٹے علی خان ترین بھی لودھراں کی فلاح وبہبود میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء و طالبات کو نصحیت کروں گا کہ بھرپور محنت کریں کیونکہ محنت کامیابی کا بنیادی اصول ہے۔ آخر میں جہانگیر خان ترین نے لودھراں میں مڈل اور ہائی سکولوں میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈیرھ کروڑ روپے کے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا۔

ڈپٹی کمشنر لودھراں سید وسیم حسن شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت اور ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن مل کر لودھراں کے طلباء وطالبات کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ لودھراں جیسے علاقے میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اس قسم کے سائنسی میلے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سی ای او اکبر خان نے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں طلباء و طالبات میں سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور میتھ سمیت جدید تعلیم کے رجحان میں اضافے کے لئے اہم کردار ادا کرسکتی ہیں ۔ آخر میں سائنسی میلے میں پوزیشن ہولڈر سکولوں کے طلباء و طالبات اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

مزید پڑھیں :ٹکراؤ کےبجائے اس وقت ڈائیلاگ کی طرف جانا چاہئے،پارٹی کوکہاہےہمارابھی مشورہ سنیں،شاہ محمودقریشی

متعلقہ خبریں