کوئٹہ(نیوزڈیسک)کوئٹہ میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کیلئے تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں پی ایس ایل کے تحت کوئٹہ میں کرکٹ میچ کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرکٹ گراوٴنڈ کی ضروری مرمت اور سہولیات کی فراہمی کے کام کا جلد آغاز کیا جائیگا اورکھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔اجلاس میں ایوب اسپورٹس کمپلیکس کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور سہولیات سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیاگیا جبکہ اس دوران متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط کے لیے مرکزی رابطہ دفتر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، صوبے کے عوام کرکٹ لوور ہیں، کوئٹہ کو میچ دینے پر پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔