ممبئی(اے بی این نیوز) ٹی 20 ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں شیڈول دوسرے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
انگلش ٹیم کے آل راؤنڈ ول جیکس امیدوں کا محور ہوں گے، دوسری جانب بھارت کے سنجو سیمسن ایک بار پھر صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلیے بے تاب ہوں گے۔
بھارت کو ایونٹ میں اب تک صرف ایک میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف شکست ہوئی تھی۔
دوسری جانب انگلینڈ کا سفر چھوٹی ٹیموں کے ساتھ کانٹے دار مقابلوں سے شروع ہوا مگر بتدریج کارکردگی کا معیار بہتر ہوتا گیا، سپر ایٹ راؤنڈ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ اور پاکستان جیسے حریفوں کو مات دے کرسیمی فائنل میں جگہ پکی کی۔
انگلینڈ کا بہترین اسپن اٹیک مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن کے قدم اکھاڑنے کیلئے تیار ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں لگاتار تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔
2022 میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی تھی جبکہ 2024 کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم سرخرو رہی تھی، مجموعی طور پر ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں 5 مرتبہ مدمقابل آئیں، جس میں سے بھارت نے 3 اور انگلینڈ نے 2 بار فتح پائی۔
ٹی 20 فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 29 میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے 17 بھارت جبکہ 12 انگلینڈ نے جیتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔قطر نے ایل این جی کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کردیا














