لاہور(اے بی این نیوز) قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی حالیہ خراب کارکردگی پر ایک مذہبی اسکالر کے بیان نے سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی۔
وائرل ویڈیو میں عالمِ دین نے دعویٰ کیا کہ جاری ٹی 20 ورلڈکپ میں بابر اعظم کی ناقص فارم کی وجہ کالا جادو ہو سکتی ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
سری لنکا اور بھارت میں جاری ایونٹ کے دوران بابر اعظم اپنی روایتی فارم بحال کرنے میں ناکام دکھائی دیے، پانچ اننگز میں وہ صرف 91 رنز بنا سکے، ان کی اوسط 22.75 رہی۔ سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کیخلاف 24 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز بھی تنقید کی زد میں آئی، جہاں ان کا اسٹرائیک ریٹ 104.17 رہا۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بابر کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجا، ان کا کہنا تھا کہ پاور پلے میں بابر کا اسٹرائیک ریٹ، جو عالمی کپ مقابلوں میں 90 سے کم رہا، ٹیم کی موجودہ حکمت عملی سے مطابقت نہیں رکھتا۔
دوسری جانب بابر اعظم کی بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کے ساتھ پہلی شرکت بھی زیادہ متاثر کن ثابت نہ ہو سکی۔ 11 میچز میں انہوں نے 202 رنز 22.44 کی اوسط سے بنائے جبکہ 103.06 کا اسٹرائیک ریٹ اس سیزن میں 200 سے زائد رنز بنانے والوں میں سب سے کم رہا، آٹھ اننگز میں وہ 15 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بھی وہ 2022 کے بعد سنچری اسکور نہیں کر سکے اور 2024 میں ان کی اوسط 18.5 رہی، کبھی ٹی 20 انٹرنیشنل میں عالمی نمبر ایک بیٹر رہنے والے بابر اب عالمی درجہ بندی میں 31ویں نمبر پر آ چکے ہیں۔
سابق کپتان راشد لطیف نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اب اس فارمیٹ کے کھلاڑی نہیں رہے، تاہم کچھ حلقے اب بھی ان کی بھرپور واپسی کے منتظر ہیں۔
مزید پڑھیں۔طالبان میں پھوٹ پڑ گئی! کابل میں طالبان وزارت دفاع کے اندر جھڑپوں کی اطلاعات















