بھارت(اے بی این نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں شکست دیدی۔
سپر اوور میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی 17 رنز ہی اسکور کر سکی۔
دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز اسکور کیے لیکن افغان ٹیم 19 رنز بنا سکی اور اس طرح پروٹیز کو 4 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔
قبل ازیں بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلے جا رہے گروپ ڈی کے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا ہے لیکن 12 کے مجموعے پر مارکرم فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ایک وکٹ جلد گرنے کے بعد ڈی کوک اور ریکلٹن نے ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور افغان بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک ہی اوور میں اپنی ففٹیز مکمل کیں، ریکلٹن 61 اور ڈی کوک 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ڈیوالڈ بریوس 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے عظمت عمر زئی نے 3 اور راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے کیا، ایک موقع پر میچ میں افغانستان کی پوزیشن مضبوط ہوتی دکھائی دی تاہم 13 گیندوں پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے باعث پوری افغان ٹیم 20 ویں اوور میں 187 رنزپر آؤٹ ہو گئی۔
افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 87 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ عظمت اللہ عمر زئی 22 اور راشد خان 20 رنز بنا سکے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ افغانستان کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں۔عمران خان سے ملاقات، سلمان صفدر کی 7 صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع















