کراچی(اے بی این نیوز)ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اہم کرکٹرز کے اپنی فرنچائزز سے بچھڑنے کا وقت آگیا، پی سی بی نے ریٹینشن کی فہرست کو حتمی شکل دے دی جس پر کسی نے بھی اعتراض نہیں کیا۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کو شاداب خان کی خدمات برقرار رکھنے کے لیے نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، محمد نواز اور عماد وسیم کو چھوڑنا ہوگا جبکہ لاہور قلندرز کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ساتھ رکھتے ہوئے فخر زمان اور حارث رﺅف کی خدمات سے محرومی پر مجبور ہوں گے۔
بابر اعظم یا صائم ایوب مشکل فیصلہ پشاور زلمی کا بھی منتظر ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فہیم اشرف، محمد عامر یا ابرار احمد میں سے کسی ایک کو ہی برقرار رکھ پائیں گے۔ کراچی کنگز پلاٹینیم کیٹیگری میں واحد پلیئر حسن علی اور ملتان سلطانز محمد رضوان کو ساتھ رکھ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 11 میں 2 نئی ٹیمیں حیدر آباد اور سیالکوٹ کے نام سے حصہ لیں گی، ان کو اہم کھلاڑیوں کی خدمات لینے کا موقع دینے کے لیے پی سی بی نے قوائد میں تبدیلیاں کیں ہیں۔ پہلے ہر فرنچائز کو 8 کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہوتی تھی، اب ہر ٹیم گزشتہ سیزن کے 4 کھلاڑی ہی ساتھ رکھ پائے گی۔
پلاٹینیم، ڈائمنڈ، گولڈ اور سلور کیٹیگری سے ایک، ایک کھلاڑی ریٹین کیا جا سکے گا۔ پہلے ٹیمیں مینٹورز، برانڈ ایمبیسڈرز یا رائٹ ٹو میچ سے زیادہ اسٹارز کو اپنے پاس برقرار رکھ لیتی تھیں، اب یہ سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے، اس وجہ سے ہر ٹیم اپنے کئی اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہو جائے گی۔
پی سی بی نے ریٹینشن کی فہرست کو حتمی شکل دے دی، بعض فرنچائزز نے ابتدا میں اعتراض کا ارادہ کیا تھا تاہم پھر اسے تبدیل کر لیا۔
مزید پڑھیں۔اے این پی رہنما جمال ناصر ساتھ سمیت ن لیگ میں شامل















