آسٹریلیا(اے بی این نیوز)آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ڈیمین مارٹن کو میننجائٹس کی تشخیص کے بعد مصنوعی کومہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 54 سالہ سابق بلے باز جمعے کے روز اچانک بیمار پڑ گئے تھے اور اس وقت کوئنز لینڈ کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
ڈیمین مارٹن نے 1992 سے 2006 کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے 67 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ انہوں نے 4 ایشز سیریز میں شرکت کی اور 2006 میں تیسرے ٹیسٹ سے قبل فوری طور پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ آسٹریلیا کے ساتھ 2 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کا بھی حصہ رہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے مارٹن کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیمین کی بیماری کی خبر سن کر دکھی ہیں۔
مارٹن کے قریبی دوست اور سابق ساتھی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے خاندان کی جانب سے تصدیق کی کہ ڈیمین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ڈیمین مارٹن کو کومے سے نکالا جا سکے گا۔
کرکٹ کیریئر کے دوران ڈیمین مارٹن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4,406 رنز بنائے، ان کی اوسط 46.37 رہی۔ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 208 میچز میں 5,346 رنز اسکور کیے، اوسط 40 رہی، جن میں 5 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
سن 2003 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کے خلاف انہوں نے ٹوٹی ہوئی انگلی کے باوجود ناقابلِ شکست 88 رنز بنا کر آسٹریلیا کو فتح دلائی۔ اسی سال وہ یارکشائر کی جانب سے بطور اوورسیز کھلاڑی بھی کھیلے۔
مزید پڑھیں۔متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری کو چھٹی کا اعلان















