لاہور(اے بی این نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے اوپنر صائم ایوب نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا۔
جارح مزاج بلے باز پاکستان کی جانب سے 1000 ٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کرنے والے نویں کرکٹر بن گئے ہیں، جو ان کے مسلسل بہتر ہوتے کھیل اور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
سری لنکا کیخلاف جاری ٹرائی سیریز کے اہم میچ میں صائم ایوب نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے جیسے ہی 17 رنز مکمل کیے، وہ اس خصوصی فہرست میں شامل ہو گئے۔ میچ سے قبل ان کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز کی تعداد 983 تھی، جبکہ میچ کے بعد مجموعی رنز 1003 تک پہنچ گئے۔
صائم ایوب کا شمار پاکستان کے ٹاپ آرڈر میں تیزی سے ترقی کرنے والے نوجوان بیٹرز میں ہوتا ہے، کم عرصے میں ان کی جارحانہ بیٹنگ، فٹ ورک اور جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کھیل نے انہیں ٹیم کا اہم حصہ بنا دیا ہے۔ شائقین اور ماہرین کرکٹ صائم کو مستقبل کا بڑا نام قرار دے رہے ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ پاکستانی بیٹرز کی ٹی ٹوئنٹی رنز فہرست میں بابر اعظم 4318 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں، محمد رضوان 3414 رنز کے ساتھ دوسرے اور سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ 2514 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں صائم ایوب کی شمولیت نوجوان بیٹر کیلئے ایک بڑی کامیابی اور مستقبل کیلئے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ صائم ایوب نے جس رفتار سے ترقی کی ہے، وہ جلد پاکستان کے اہم ترین میچ ونر کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔ہری پور سے اس مرتبہ پی ٹی آئی ہی کامیاب ہوگی: عمر ایوب















