راولپنڈی (اے بی این نیوز)راولپنڈی میں تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور موجودہ حکمت عملی پر عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو مواقع دیے جائیں گے اور مڈل آرڈر میں پرفارمنس بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ وائٹ بال سیریز میں اچھا مومینٹم ہے جسے برقرار رکھا جائے گا۔ سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ صائم ایوب کے ساتھ باؤلنگ میں حصہ لیں گے اور دستیاب آل راؤنڈرز کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک روزہ فارمیٹ میں ٹیم کی پرفارمنس کافی اچھی رہی ہے اور آل راؤنڈرز پر انحصار کامیابی کی کلید ہے۔ عبد الصمد کو فِنشر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ کپتان نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہاؤس فل کراؤڈ ملتا ہے اور ٹی ٹوئنٹی میں کسی بھی ٹیم کو ہلکا نہیں لیا جا سکتا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹرز کے خلاف باؤلنگ کے لیے تیار ہوں اور تجربہ کار آل راؤنڈرز محمد نواز اور فہیم اشرف کو بھرپور موقع دیا جائے گا۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شانکا نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور ون ڈے میں کی گئی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔ ہر کنڈیشن میں کھیلنے کے لیے ٹیم تیار ہے اور پاکستان درست سمت میں کھیل رہا ہے۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی صلاحیتیں بڑھانے پر کام کر رہے ہیں اور فائنل تک پہنچنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اس سال بڑی ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے ہیں اور پاکستان کے خلاف میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
مزید پڑھیں :سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی وطن واپس، جا نئے وجہ















